عمرکوٹ سیلاب پانی میں ڈوبنے  والی خاتون کے  قتل کی ایف آئی آر وزیر اعلی سندھ پر کاٹی جائے:حلیم عادل شیخ

99

میرپورخاص،03اکتوبر(اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے ضلع عمرکوٹ کے گاؤں مجید پنہور میں سیلاب کے پانی سے گزرتے ہوئے خاتون کے ڈوب کر جانبحق ہونے کے  واقعے پر اظہار افسوس اور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاتون کی موت کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے، قتل کی ایف آئی آر وزیر اعلی سندھ پر کاٹی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بیس روز سے ہم یہ علاقے دکھا رہے ہیں، میڈیا نیوز چلا رہا ہے کہ اب بھی کئی علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں لیکن سندھ حکومت پانی کی نکاسی کیلئے کچھ نہیں کر رہی۔

حلیم عادل شیخ  نے کہا کہ  پانی نکالنا ضلع انتظامیہ و ایریگیشن کی ذمہ داری ہے، غریبوں کے کئی گوٹھ سیلاب کے پانی سے ڈوبے ہوئے ہیں لیکن پانی نکالا جارہا ہے تو صرف پیپلز پارٹی کے وڈیروں کی زمینوں  سے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ آج پھر سیلاب کے پانی نے ایک معصوم کی جان لے لی ہے، بلاول تحریکیں نکالنے کے بجائے ان سیلاب متاثرہ علاقوں کا پانی نکلوائیں۔انہوں نے کہا کہ غریبوں کے ساتھ ظلم ہورہاہے،کئی علاقوں میں پانی کی وجہ سے زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔