وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے مشکلات پر قابو پانا شروع کردیا ہے:گورنر پنجاب

152

ٹوبہ ٹیک سنگھ ،03 اکتوبر (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے مشکلات پر قابو پانا شروع کردیا ہے۔وزیر اعظم، پاکستان کو دیگر ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑا دیکھنا چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں فلڈ لائٹ  شاہین فٹبال سٹیڈیم کے افتتاح کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے ملک کی ترقی کیلئے جو ہوسکا کریگی، آئندہ تین سال کے اندر پنجاب کے ہر دیہات تک پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائیگا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں وہ نظام لایا جائے گا جس کی خواہش قائداعظم اور علامہ اقبال نے کی تھی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن جو مرضی کرلے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اپنی مدت پورے کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کسی ڈیل کے تحت نہیں بیماری کا بہانہ کرکے ملک سے گئے ہیں۔

گورنر پنجاب نے ضلع کی ترقی کیلئے اقدامات پر ڈپٹی کمشنر عمر جاوید کی تعریف کی اور کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میرا اپنا گھر ہے اس کی ترقی کیلئے جو کرسکا کرونگا۔

گورنر پنجاب نے ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گوجرہ کی فٹبال ٹیموں کے مابین نمائشی میچ میں بطور مہمان خصوصی بھی شرکت کی۔

ایم پی اے سعید احمد سعیدی ، پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر چوہدری اشفاق احمد سمیت ڈپٹی کمشنر عمر جاوید، ڈی پی او عمر فاروق اور   دیگر سرکاری افسران ، ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔