عوام کو میونسپل سروسز کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات اکبر ایوب خان

73

پشاور،21اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ ضلع کرک کے تینوں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریٹرز دفاتر کا ترڈ پارٹی آڈٹ  کروا کر رپورٹ ایک ماہ کے اندر اندر محکمے کو جمع کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جن ٹی ایم ایز کے ساتھ پی ایف سی فنڈ میں اخراجات کے علاوہ پیسے موجود ہے وہ اپنے متعلقہ ضلع کے لیے ان سے صفائی کے لیے مشینری اور دیگر سینیٹیشن سامان خریدے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کرک کے میونسپل سروسز کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابقہ صوبائی وزیر ملک قاسم خان خٹک، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات، ڈی جی لوکل گورنمنٹ عابداللہ کاکاخیل اور ضلع کرک کے تمام تحصیل میونسپل آفسران موجود تھے۔

صوبائی وزیر بلدیات اکبر ایوب خان نے کہا کہ عوام کو میونسپل سروسز کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور دیگر امور کے مقابلے میں لوگوں کو صاف ماحول فراہم کرنا اور کوڑا کرکٹ کو ختم کرنے کے لیے تمام ٹی ایم ایز فرنٹ لائن پر کام کریں۔

اکبر ایوب خان نے ہدایت جاری کی کہ تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریٹر دفاتر اپنی محصول پیداوار کو بہتر بنانے کے لئے تمام ریسورسز بروئے کار لائیں تاکہ ہر ٹی ایم اے دفتر اپنی فنڈز کی کمی کو خود پورا کر سکے۔