قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم سےروس کے سفیر کی ملاقات،دو طرفہ اہم امور پر تبادلہ خیال

346

 

اسلام آباد، 15 اکتوبر(اے پی پی):سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم سےروس کے سفیر  نے  جمعرات کو یہاں ملاقات کی ،جس دوران دو طرفہ اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران ملاقات سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے کثیر الجہتی مراسم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان اسٹرٹیجک پارٹنرشپ سے علاقائی امن اور ترقی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال مستحکم رابطہ کاری کی متقاضی ہے۔

ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی میں روس کو انتہائی اہمیت حاصل ہے، دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، سفارتی و اقتصادی تعاون میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر تعاون ایک دوسرے پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان روس تعلقات یک سمتی نہیں بلکہ کثیر السمتی ہیں۔

سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھی مفید ثابت ہو رہے ہیں، تجارت اور عوامی سطح پر روابط کے علاوہ دوسرے شعبوں میں تعاون کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں، تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے دونوں ملک سنجیدگی کے ساتھ رابطوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کے ذریعے تجارتی سطح پر رابطوں کو بڑھانے کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں،روس اور پاکستان خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے موثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔  سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ شنگھائی  تعاون تنظیم کی سطح پر دوطرفہ تعاون کو انتہائی اہم سمجھتا ہے، سی پیک یوریشین رابطہ کاری میں معاون ثابت ہو گا جس سے تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی اور اس منصوبے سے ایس سی او کمیونٹی کو بھر پور فائدہ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرُ امن ملک ہے اور امن اور ترقی کی اہمیت کو سمجھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی رابطہ کاری کے ذریعے دوطرفہ تعاون اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

روس کے سفیر نے سینیٹ میں قائد ایوان  سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان روس کیلئے انتہائی اہم ملک ہے اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو سماجی اور اقتصادی سطح پر مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں۔