قانون کی حکمرانی وفاقی حکومت کا اہم ایجنڈا ہے ، وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم کاپانچویں قومی جوڈیشل کانفرنس سے خطاب

330

کراچی،17اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم نے کہا ہے قانون کی حکمرانی وفاقی حکومت کا اہم ایجنڈا ہے ، ملک کے آئینی ادارے ہماری عزت ہیں ، وفاقی حکومت ملک اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کررہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں مقامی ہوٹل میں پانچویں قومی جوڈیشل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کے پاس منصوبے ہیں تو وفاقی حکومت ہر قسم کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت قانون نے عام لوگوں کی سہولت کے لئے کچھ قوانین میں ترمیم کی ہے تاکہ عام لوگوں کے مسائل جلد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے کچھ وراثت سے متعلق قانوانین ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین محتسب (محتسب عورت)کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ خواتین سے متعلق کچھ معاملات کو تین ماہ کے اندر حل کریں اور اگر ان میں سے کچھ حل نہ ہوئے تو محتسب خواتین متاثرہ افراد کی طرف سے عدالت میں مقدمہ دائر کرسکتی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ  کچھ لوگ کہتے ہیں کہ پاناما کیس ایک سازش ہے ،کیا کسی نے ان کو ایوین فیلڈ اپارٹمنٹ خریدنے کا کہا تھا ،کسی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا ہمارے پاس کوئی ایجنڈا نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی پرکوئی الزامات تھے تو وہ ان کا سامنے کرتے اور اس کا منی ٹریل پیش کردیتے تو بات ختم ہوجاتی ۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ ادارے ہماری ریڈ لائن ہیں ، ہر کسی کو ریڈ لائن کا احترام کرنا چاہئے ، بدعنوان سیاسی قیادت کی وجہ سے پاکستان کی صورتحال اس مقام تک پہنچ چکی ہے۔ فروغ نسیم نے مزید کہا کہ اپوزشن کے بیانیہ میں جان نہیں ہے اور ہر چیز کو متنازعہ بنانے کی ضرورت نہیں ہے ۔

 تقریب میں بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران اور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔