قوموں نے ترقی استاد کی عزت و تکریم کی بدولت حاصل کی ہے: سی ای او ایجو کیشن ملتان

105

 

ملتان، 05 اکتوبر  (اے پی پی ):سی ای او ایجو کیشن ریاض احمد خان نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار ہو تے ہیں جن قوموں نے آج دنیا میں ترقی کی ہے وہ استاد کی عزت و تکریم کی بدولت ہی حاصل کی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گارڈن ٹاؤن میں عثمان گروپ آف سائنس سکول اینڈ کالج میں منعقدہ اساتذہ کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کامیابی حاصل کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ محنت کریں تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی کے منازل طے نہیں کر سکتا ہے ۔

اس موقع پر ماہر تعلیم اجمل حمید خان، رضوانہ ایوب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے معاشرے میں جتنا مقام ایک استاد کو دیا ہے شاید ہی اور کسی کو دیا ہو انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل اساتذہ سے زیادہ سے زیادہ رہنمائی حاصل کریں۔

 انہوں نے کہا کہ مغربی معاشرے کی ترقی کی اصل وجہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا ہے ہمیں موجودہ دور میں اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دینا ہوگی تاکہ وہ اقوام عالم میں ایک اچھا مقام حاصل کر سکیں۔

 اس موقع پر محمد افضل راو اور ماہر تعلیم میاں وقاص فرید قریشی نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ اس دنیا میں آئے تو وہ ایک اچھے انسان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھے معلم بھی تھے جنہوں نے پوری انسانیت کی رہنمائی کیلئے دین اسلام کی تبلیغ کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کا وہ طبقہ ہے جو نوجوان نسل کو تعلیم و تربیت سے آراستہ کرتا ہے تاکہ وہ علم حاصل کرکے کامیابی سے ہمکنار ہوں انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا عالمی دن منانے کا مقصد استاد کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

 تقریب میں خواجہ آفتاب، چوہدری عاشق، محمد لائق، ندیم قادری، اویس فرید قریشی، ربنواز وینس، میاں اسید، احمدقریشی ودیگر شریک تھے تقریب کے اختتام پر بچوں نے ٹیبلوز بھی پیش کیے۔