لاہور،7اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لائیوسٹاک ملکی معیشت کی ترقی کیلئے انجن کا کردار ادا کرتا ہے۔ پنجاب میں لائیوسٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ کے شعبہ میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے۔
لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ لائیوسٹاک شعبے کی پائیدار ترقی سے فارمرز معاشی لحاظ سے مضبوط ہوں گے جبکہ لائیوسٹاک سیکٹر میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر بہت توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دودھ اور گوشت کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے جدید تکنیک اپنانا ہوگی۔ پنجاب میں لائیوسٹاک فارمرز کو جدید سائنٹیفک طریقہ کار سے روشناس کرایا جائے گا۔
عثمان بزدار نے لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ شعبہ کے فروغ کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ خصوصی کمیٹی 10 روز میں مستقبل کا روڈ میپ پیش کرے گی، اس کے علاوہ نجی ماہرین نے لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے شعبے کے فروغ کے لئے تجاویز بھی پیش کیں۔











