لاہور،15اکتوبر(اے پی پی): وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک کی ہدایت پر سیکرٹری توانائی محمد عامر جان کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پنجاب اور فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹس کی توانائی کی ضرورت اور رسدکے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیکرٹری توانائی عامر جان نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کی توانائی کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کریں گے، انڈسٹریل اسٹیٹس پنجاب حکومت کی نمائندہ پراجیکٹس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ توانائی انڈسٹریل اسٹیٹس کو توانائی کی ضروریات کے حوالے سے بھرپور تعاون کرے گا، ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے تمام اکنامک زونز اور محکمہ توانائی کے مابین تعاون کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
سیکرٹری توانائی نے کہا کہ محکمہ توانائی پنجاب میں بجلی کےصنعتی استعمال کے لئے علیحدہ سے گریڈ اسٹیشن کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، صنعتوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی سے ملکی معیشت کا پہیہ اور تیز چلے گا۔