لاہور،15اکتوبر(اے پی پی): وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نےگوجرانوالہ جلسے کے حوالے سے ن لیگی قائدین کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوۓ کہا کل نارووال کے ارسطو نے بڑھک مارتے ہوئے کہا کہ “گل ودھ گئی اے نیازیا۔”نارووال کے ارسطو سن لیں: گل واقعی ودھ گئی اے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے آل شریف کے خلاف رمضان شوگر مل کیس میں ساڑھے نو ارب کی منی لانڈرنگ ثابت شدہ ہوئی تھی، اب آل شریف کی بیسیوں کمپنیوں میں سے ایک کمپنی کی پچیس ارب روپے کی کرپشن سامنے آ گئی ہے۔ ستمبر 2017 میں نواز شریف کے تاحیات نااہل ہونے کے بعد ضمنی الیکشن میں بیگم کلثوم نواز کو کھڑا کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نارووال کے ارسطو صاحب: گل واقعی ودھ گئی اے۔ بیگم صفدر اعوان نے جاتی عمرہ بیٹھ کر سرکاری خزانے سے دو ارب 55 کروڑ کی رقم اس الیکشن کو جیتنے پر لگا دی، حیرت کی بات یہ ہے کہ اس پونے تین کروڑ کے ٹینڈر اکتوبر میں اور ٹھیکے نومبر میں طے پائے گئے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آئندہ دنوں میں آل شریف کی کرپشن اور بدعنوانیوں کے بارے میں مزید انکشافات کروں گا، نارووال کے ارسطو عوام کو مزید بےوقوف بنا کر اپنے آقاؤں کی کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لیے ڈرامے بازی کر رہے ہیں۔ نااہل نواز شریف، ممکنہ نااہل شہباز شریف اور بیگم صفدر اعوان کو بچانے کے تمام حربے بیکار جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن عوام اور احتسابی اداروں سے قانون کے تازیانے کھانے کے لیے تیار رہیں۔











