راولپنڈی ، 15اکتوبر(اے پی پی ): آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ تربیت ہر فوجی کی پیشہ ورانہ ترقی کا ایک اہم حصہ ہے اور مستقبل کی جنگوں میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہترین تربیت لازم ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق ان خیالات کا اظہار آرمی چیف نے جمعرات کو بہاولپور دورہ کے د وران سنائپر کے ذریعے نشانہ بازی کی تربیت کا مشاہدہ کرتے ہوئے افسروں اور جوانوں سے خطا ب میں کیا ۔ بہاولپور پہنچنے پرکورکمانڈر بہاولپورلیفٹیننٹ جنرل سیّد محمد عدنان نے آ رمی چیف کا استقبال کیا۔آرمی چیف کو بہاولپور کور کے آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے جوانوں کی سنائپر کے ذریعے نشانہ بازی کی تربیت کا مشاہدہ کیا ، ٹریننگ کے دوران جوانوں نے 15 سو میٹر تک فاصلہ پر کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا ۔ آرمی چیف نے کامیابی سے ہدف کو نشانہ بنانے پر نوجوانوں کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور انکے اعلیٰ حوصلے کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لئے بہاولپور گیریژن میں سولجرز کلب کا افتتاح بھی کیا۔











