لاہور، اکتوبر 2(اے پی پی): وزیر کھیل و امور نوجوانان پنجاب رائے تیمور بھٹی نے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارے معاشرے کا اہم ستون ہیں۔ آبادی کا 63 فیصد سے زائد حصہ ہونے پر ملکی ترقی میں نوجوانوں کا کردار بہت اہم ہے۔ کنونشن میں پرامن معاشرے میں نوجوانوں کے کردار پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ بحیثیت قوم پر امن معاشرے کا قیام ہم سب کا فرض ہے۔ معاشرے میں امن کے فروغ کے لئے رواداری اور مساوات کی ضرورت ہے۔ اقبال کے تصور پاکستان کے خواب کی تکمیل کے لئے نوجوانوں کا کردار اہم ہے۔ وزیر کھیل پنجاب نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے تعلیم، ٹریننگ اور سکل ڈویلپمینٹ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔محکمہ یوتھ افئیرز اس ضمن میں نوجوانوں کے پروگرام مرتب کررہا ہے۔ رائے تیمور بھٹی نے کہا کہ نوجوانوں کے فکری افکار کی نشونما کے لئے یوتھ پلیٹ فارمز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ نوجوانوں کے موثر کردار سے پر امن اور نئے پاکستان کا قیام ممکن ہے۔ معاشرے سے تشدد اور شدت پسندی کے خاتمے کے لئے نوجوانوں کی تربیت اہم ہے۔
نوجوانوں کو تعلیم اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف مائل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے سفر میں تمام رکاوٹوں کو عبور کریں گے۔محکمہ یوتھ افئیرز، پیغام پاکستان اور ایس ایس ڈی او کے تعاون سے یوتھ کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔











