لاہور,2 اکتوبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزارات کی تعمیر و توسیع کا ماسٹر پلان تیار کرنے کا حکم دے دیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار کی زیر صدارت مزارات کی تعمیر و توسیع اور تزئین و آرائش کے منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں داتا دربارکے اردگرد ٹریفک کی روانی اور پیدل چلنے والے زائرین کے لئے راستہ مخصوص کرنے کافیصلہ بھی کیا گیا۔حضرت باباموج دریاؒ کے مزار کی تعمیر و توسیع کے پراجیکٹ کاجائزہ بھی لیا گیا
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ داتا دربار سے منسلک ایریا میں گرین بیلٹ اور پارک بنایاجائے گا- منشیات کے عادی افرا دکو مستقل طورپر بحالی مراکز میں منتقل کرنے کاحکم بھی دیا۔انھوں نے کہا کہ داتا دربار میں پارکنگ کے لئے بیسمنٹ کا ایریا مخصوص کیا جائے گا-پارکنگ بیسمنٹ سے اوپر جانے کیلئے جدیدترین لفٹ نصب کی جائے گی- داتادربار میں مزید 100نئے ٹوائلٹس کا بلاک بنایاجائے گا-
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حضرت بی بی پاک دامن کے مزار کی نئی عمارت 15کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کی جائے گی۔ نئی عمارت میں مسافر خانہ،واش رومز، لنگر خانہ، مرد و خواتین کے الگ ہال بنیں گے-
عثمان بزدار نے کہا کہ پاکپتن میں بابا فرید گنج شکر ؒکے مزار کی ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر و توسیع کی جائے گی مزارات پر ہر ہفتے مذہبی سیاحت ٹورز کا اہتمام کیاجائے گا-
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چاکر اعظم رند کے مقبرے کے توسیعی منصوبے کا جلد افتتاح کیاجائے گا- لاہور سے اوکاڑہ ایک روزہ ٹورز جلد شروع کئے جائیں گے-











