ملتان، 20اکتوبر(اے پی پی): محمکہ لوکل گورنمنٹ کے تحت ضلع ملتان کی یونین کونسلوں میں78 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے،40 فیصد فنڈ ایم این اے اور60 فیصد فنڈ ایم پی اے کی تجویز کردہ ترقیاتی سکیموں پر خرچ ہو نگے۔
وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک اور ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کے زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی یونین کونسلوں میں 42کروڑ 37لاکھ روپے خرچ ہونگے، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے کارپوریشن کی حدود میں 80 ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کر دی ہے،تحصیل کونسل ملتان میں48 مختلف ترقیاتی سکیموں پر20 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ میونسپل کمیٹی شجاع آباد میں1کروڑ 62لاکھ روپے اور تحصیل کونسل شجاع آباد میں1کروڑ روپے خرچ ہو نگے، جلالپور پیروالا کی میونسپل کمیٹی میں 2کروڑ65لاکھ روپے اور تحصیل کونسل میں 2 کروڑ روپے صرف کئے جائیں گے۔
وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں پر کام کے آغاز کے لئے ٹینڈر جلد جاری کئے جائیں ،دیہی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہیں، تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ منصوبوں پر کام کے معیار کو چیک کرنے کےلئے مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور کہا کہ کنٹریکٹرز کو ادائیگی مانیٹرنگ کمیٹی کی اپرول سے مشروط ہوگی، ترقیاتی کام ادھورا چھوڑنے اور ناقص میٹریل استعمال کرنیوالے کنٹریکٹرز کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔
اجلاس میں معاون خصوصی جاوید اختر انصاری،ایم این اےملک احمد حسن ڈیہڑ اور پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی سمیت ممبران صوبائی اسمبلی وسیم خان بادوزئی،ملک سلیم لابر اور سبین گل نے بھی شرکت کی۔
ملک عدنان ڈوگر، خالد جاوید وڑائچ، اکرم کنوں،عزیز رسول سندیلہ اور شاہد مظفر بھی موجود تھے ۔











