ملتان ،30 ستمبر(اے پی پی ): ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے شہر بھر کی صفائی کے لئے نئی حکمت عملی کی تیاری شروع کر دی ہے ،سی ای او عبدالطیف خان کی زیرصدارت کمپنی کے آپریشن اور ٹرانسپورٹ ونگ کے منیجرز کا اجلاس ہوا، منیجرز آپریشنز داود مکی بھی اجلاس میں شریک ہو ئے اور ڈپٹی منیجرز انوارالحق،عثمان خورشید اور حبیب اللہ ظفر بھی شامل ہوئے ۔
اجلاس میں ڈپٹی منیجرز کو نئے ایریاز سونپ دئے گئے اور سی ای او نے تمام ڈپٹی منیجرز سے اپنے ایریاز کا صفائی پلان بھی طلب کر لیا ۔سی ای او عبدالطیف خان نے کہا کہ ہر سیکٹر کی گلی اور محلے کی صفائی کو پلان میں شامل کیا جائے ،اپنے ایریاز کی صفائی کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے اور سینٹری ورکرز کی فیلڈ میں حاضری کو یقینی بنانے اور شہریوں کی طرف سے کمپنی کے کمپلینٹ سیل پر شکایات کا نہ آنا ہماری کامیابی کی علامت ہو گی۔
عبدالطیف خان نے کہا کہ موثر مانیٹرنگ بہترین صفائی کی ضمانت ہے اور کہا کہ تمام مشینری کو آن روڈ رکھا جائے ، خراب ہونے والی مشینری کی مرمت کے لئے ٹائم لائن مقرر کی جائے اور شہر اولیاء کی اہمیت کے پیشِ نظر صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہمارا ٹارگٹ ہے۔











