موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے: سید ذوالفقار عباس بخاری

459

واشنگٹن ڈی سی، 30 اکتوبر (اے پی پی ): وزیر اعظم  کے  معاون خصوصی  سید ذوالفقار عباس بخاری نے کہا کہ موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ، جدید سہولیات سے آراستہ سیاحتی مقامات پر نئے 35 ہوٹلوں کی تعمیر بھی عمل میں لائی جارہی ہے۔سیاحت سے وابستہ تعمیراتی منصوبوں کو ترجیح بنیادوں پر مکمل کیا جارہا ہے تاکہ سیاحوں کو تمام ممکنہ سہولیات میسر آ سکیں ۔

ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے  پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن کے زیرا ہتمام امریکی سیاحتی اداروں کو پاکستان کی سیاحت سے متعارف کروانے کیلئے“دلکش پاکستان-ایک نظر”کے موضوع پر ویبینار سے خطاب  میں  کیا ، ویبینار میں  امریکہ میں متعین پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے خطاب  کیا جبکہ دیگر مقررین میں ایممی ایوارڈ یافتہ ،مس بیتھ ٹراوٹ مین، جرمن ٹریول وی لاگر ، کرسچن بیٹزمین، ثقافتی کھانوں کی ماہر فاطمہ علی اور  پریس اتاشی سفارتخانہ پاکستان ، ملیحہ شاہد بھی شامل تھے۔

مقررین نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور امریکہ میں سیاحتی اداروں کو پاکستان میں سیاحت سے متعلق مواقعوں سے متعارف کرانے کے حوالے سےروشنی ڈالی جبکہ شرکاء نےاظہار خیال کرتے  ہوئے کہا کہ نہ صرف متاثر کن مناظر بلکہ پاکستان ایک شاندار ماضی، منفرد اور مختلف ثقافت، اورقیمتی ورثے سےمالا مال ملک ہے۔

ثقافتی کھانوں کی ماہر فاطمہ علی  نے کہا کہ پاکستانی کھانے دنیا بھر میں نہ صرف منفرد ہیں بلکہ معیار اور ذائقوں سے بھی بھرپور ہیں۔

ایممی ایوارڈ یافتہ ،مس بیتھ ٹراوٹ مین  نے کہا کہ پاکستانی عوام کی گرم جوشی اور مہمان نوازی اپنی مثال آپ ہے،ہم نے پاکستان کو اسکے امیج سے منسلک منفی پروپیگنڈا سے برعکس پر امن، خوبصورت، مہمان نواز، اور قدرتی حسن اور مناظر سے مالامال پایا۔

سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے امریکی عوام کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی  ۔