نوازشریف کی سیاست اب دوبارہ پاکستان میں نہیں آئے گی؛ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا پریس کانفرنس سے خطاب

91

لاہور،17اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ (ن) لیگ ملک دشمنوں کے ایجنڈے پرکام کرے تواس پر پابندی لگنی چاہیے۔ طبلِ جنگ بج چکا ہے اور نوازشریف کے ساتھ وہی ہوگا جو الطاف حسین کے ساتھ ہوا ہے،لیگی قائد کی تقریر کل پورے بھارت میں دکھائی گئی، ن لیگ پر پابندی لگنی چاہئے، فروری تک 15 سے 20 لوگ نواز شریف کو چھوڑ دیں گے، نواز شریف اشتہاری مجرم ہیں  ، پاک فوج ملک میں امن واستحکام کی ضامن ہے، یہ اداروں میں تصادم چاہتے ہیں، نوازشریف کی سیاست اب دوبارہ پاکستان میں نہیں آئے گی۔

وہ ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف اشتہاری مجرم ہیں، ان کا ایک نکاتی ایجنڈا تھا کہ مریم کو لندن آنے دیا جائے، ان کی تقریر کو بھارت میں دکھایا گیا، بھارت میں بانی ایم کیو ایم کو وہ کوریج نہیں ملی جو نوازشریف کو ملی، (ن) لیگ بھارت سے پیسے لے کر انتشار پھیلانا چاہتی ہے، اگر نوازشریف کا یہی رویہ رہا تو اگلے 5 سال بھی عمران خان کی حکومت ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے ایک ماہ سے میڈیا کو مصروف رکھا، اور گزشتہ روز ہونے والے جلسے پر اربوں روپے خرچ کیے گئے، لیکن پھر بھی پی ڈی ایم کا جلسہ ناکام ترین جلسہ تھا، 18 شہروں سے صرف 20 سے 22 ہزار لوگوں کو جمع کیا جاسکا، جلسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں۔شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف کی استنبول کے ایک ہوٹل میں ہونے والی ملاقات سے واقف ہوں لیکن کچھ کہنا نہیں چاہتا کیونکہ پہلے بھی ملاقاتوں کا بتاکر مشکل میں پڑگیا تھا، جب دو ملاقاتوں کا ذکر کیا تو بہت سارے مسائل سے گزرنا پڑا اور دو ملاقاتوں کا ذکر کیا تو طوفان آئے گا۔(ن) لیگ ملک دشمنوں کے ایجنڈے پرکام کرے تواس پر پابندی لگنی چاہیے۔

شیخ رشید نے کہا کہ گزشتہ روز کے جلسے میں نوازشریف کی تقریر نہیں سن سکا سوگیا تھا، کورونا کے بعد 6 ماہ صحت مند ہونے میں لگتے ہیں، آج کل طبیعت ٹھیک نہیں دوائیاں کھا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوچکی ہے، بھارت میں بانی ایم کیو ایم کو وہ کوریج نہیں ملی جو نواز شریف کو ملی ۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ نوازشریف وہ کھیل کھیل رہے ہیں جو عالمی ایجنڈا ہے، انہیں اس کااندازہ ہی نہیں یہ کیا کھیل کھیل رہے ہیں، نوازشریف بانی ایم کیو ایم ٹو بن گئے ہیں، اعلانِ جنگ ہوچکا ہے، طبلِ جنگ بج چکا، نوازشریف کے ساتھ وہی ہوگا جو الطاف حسین کے ساتھ ہوا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ  نواز شریف کھل کر سامنے آگئے، اب ان سے کھل کر سیاست ہوگی، ن لیگ ٹوٹ کر رہے گی اور کوئی وجہ نہیں ن سے شین نہ نکلے۔وفاقی وزیر نے بتایاکہ پاکستان ریلوے نے پسنجرٹرینوں کی طرح فریٹ ٹرینوں کی بھی آن لائن بکنگ کا آج سے آغاز کر دیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ آج پہلا دن ہے کہ ریلوے نے پرانا ٹائم ٹیبل بھی بحال کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ مزدوروں کا ٹیکنکل الاﺅنس بڑھادیاگیاہے اور یہ 31 ہزار لوگوں کو ملے گا۔ اس کے علاوہ ڈرائیوروں کے مائلیج الاﺅنس میں بھی آج سے اضافہ کردیاگیاہے۔

پنشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے بات ہوگئی ہے کہ تمام پنشن ہولڈرز کے واجبات جو تقریباً6 ارب 31 کروڑ 87لاکھ روپے ہیں ایک ہی دن ادا کردیے جائیں گے حسن ابدال اسٹیشن کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے اس کی منظور ی کی درخواست کروں گا۔ ہیلتھ کارڈ کے حوالے سے بھی آپکو جلد خوشخبری دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ایل اے ملازمین کی ریگولرائزیشن کے سلسلے میں بھی حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے بات کریں گے کیونکہ یہ اختیارمیرے پاس نہیں ہے یہ صرف وزیر اعظم پاکستان کے پاس ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے گریڈ ایک سے گریڈ سولہ تک کے ملازمین کا ایک گریڈ بڑھانے کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے منظوری لیں گے۔