وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے مطابق خیبرپختونخوا میں لینڈ ریکارڈ کو تیزی سے کمپیوٹرائزڈ کر رہے ہیں:  ضیاء اللہ بنگش

374

پشاور، 14اکتوبر(اے پی پی): مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا ضیاء اللہ بنگش نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے مطابق خیبرپختونخوا میں لینڈ ریکارڈ کو تیزی سے کمپیوٹرائزڈ کر رہے ہیں ،خیبرپختونخوا کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ منصوبے کا فیز 1 جون2021 جبکہ فیز 2 جون 2022 تک مکمل کرلیا جائے گا۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں7 اضلاع کے 1546 موضع جبکہ دوسرے مرحلے میں 1890 موضعوں کو کمپیوٹرائز کیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا ضیاء اللہ بنگش نے خیبرپختونخوا کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ منصوبے میں اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔اجلاس  میں صوبائی وزیر  کو منصوبے میں اب تک کی پیش رفت پر مکمل بریفنگ بھی دی گئی۔ بریفنگ میں مشیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں سروس ڈلیوری سینٹر رواں مہینے اکتوبر کے آخر تک افتتاح کے لیے تیار ہوں گے جس کا افتتاح جلد کیا جائے گا۔

اجلاس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔