لاہور19اکتوبر(اے پی پی):صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید کی زیر صدارت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف اضلاع میں پھاٹا کے زیر انتظام ترقیاتی سکیموں کی منظوری کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ پھاٹا کی استعداد کار میں اضافے سے متعلق بھی تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ پھاٹا بورڈ کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی گئی۔میاں محمود الرشید نے کہا کہ پھاٹا میں ڈویلپرز اور بلڈرز کی رہائشی سکیموں کی منظوری کا عمل ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں شمولیت کے لئے بلڈرز اور ڈویلپرز کو بھرپور ریلیف فراہم کررہے ہیں۔وزیراعظم کے ویژن کے مطابق صوبہ پنجاب میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ پر پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سے متعلق پالیسیاں سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مرتب کی گئی ہیں۔











