لاہور 19 اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران پنجاب کے بنیادی صحت مراکز کی اپ گریڈیشن اور وزیراعظم صحت اقدامات کے تحت سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا پہلے مرحلہ میں خستہ حال 222 بنیادی صحت مراکز کی عمارتوں کو دوبارہ تعمیرکا آغاز کیا جا چکا ہے،تمام 2504 بنیادی صحت مراکز میں 24گھنٹے طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، دوسرے مرحلہ میں باقی 2282 بنیادی صحت مراکز کو ری ویمپ کیاجائے گا، بنیادی صحت مراکز کی ری ویمپنگ کے بعد آنے والے مریضوں کو 24گھنٹے بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائینگی۔صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا وزیراعظم عمران خان کا عام آدمی کو صحت کی تمام سہولیات اسکی دہلیز پر دستیاب کرنے کا خواب ہے، عام آدمی کو صحت کے شعبہ میں آسانیاں پیدا کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں، صوبہ بھرکے بنیادی صحت مراکزمیں ڈاکٹرز،نرسز اور سٹاف کی کمی کو پورا کر دیا گیا ہے، تمام بنیادی صحت مراکز میں مطلوبہ ادویات وافر مقدار میں موجودہیں، صوبہ بھرکے ایک ہزارسے زائدبنیادی صحت مراکزمیں 24گھنٹے طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔











