وزیرِ اعظم  کی زیر صدارت  صنعتوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل  کے حوالے سے اجلاس

60

اسلام آباد، 21 اکتوبر ( اےپی پی):وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت  صنعتی عمل کے فروغ خصوصاً چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل  کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء محمد حماد اظہر، اسد عمر، عمر ایوب خان، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاونین خصوصی ندیم بابر،  تابش گوہر،  سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری توانائی،  سیکرٹری پٹرولیم و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں صنعتوں خصوصاً چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو درپیش مسائل  جن میں مہنگی بجلی وغیرہ جیسے مسائل شامل ہیں   کے حل کے سلسلے میں  مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔

اس موقع پروزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی صنعتی عمل کے فروغ سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات اور خصوصاً کورونا کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے صنعتی شعبے اور بالخصوص چھوٹی اور درمیانی صنعت کو بچانے کے لئے ضروری ہے کہ صنعتی شعبے کو درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل تلاش کیا جائے اور ان کو ہر حوالے سے سہولت فراہم کی جائے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ مہنگی بجلی چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ کی راہ میں  ایک بڑی رکاوٹ ہے جس سے پیداواری لاگت میں اضافہ ہو جاتا ہے اور ملکی مصنوعات غیر ملکی اشیاء کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کھو دیتی ہیں۔ وزیرِ اعظم نے اس حوالے سے  پیش کی جانے والی مختلف تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی عمل کے فروغ اور ملک میں موجوداستعداد کو برؤے کار لانے کے لئے ہر ممکنہ کوشش  اور اقدام اٹھائے جائیں گے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ    صنعتی شعبے کو توانائی سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے پیش کی جانے والی تجاویز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ ان پر فوری عمل درآمد کیا جا سکے۔