کراچی، 15اکتوبر (اے پی پی): تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے وزیر اعظم دیانت دار ہیں،کسی کو این آر او نہیں دیں گے ۔
جمعرات کو یہاں ذوالفقار ابڑو کے ہمراہ ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ کل کے دشمن آج کے دوست بننے والے صرف اپنی کرپشن بچانے کی موومنٹ چلا رہے ہیں اور جن کی یاد میں جلسہ کر رہے ہیں،ان کی ایک تصویر بھی وہاں نظر نہیں آئی ،یہ بھٹو کی نہیں زرداری کی پارٹی ہے ۔
انہوں نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ تحریک چلانے کی بات کرتے ہیں تو پہلے سندھ حکومت کی بیڈ گورننس کے خلاف تحریک چلائیں، تحریکیں سرکاری ملازمین کے ذریعے نہیں چلتیں ،جس بے دردی سے آپ سرکاری مشنری اپنے جلسے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، یہ عوام کا پیسہ ہے اس کا حساب لیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چاہے جتنی چیخ و پکار مچا لیں عوام جانتے ہیں کہ اپوزیشن صرف ڈاکوووں اور لٹیروں کا گٹھ جوڑ ہے اپنے مذموم مقاصد کے لیے یہ لوگ افواج پاکستان کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔ ہمارے دفاعی اداروں کے خلاف جو لب و لہجہ اپوزیشن کے رہنما اختیار کر رہے ہیں یہ سراسر ملک دشمنی ہے،غداری کے مترادف ہے۔
ذوالفقار ابڑو کا کہنا تھا کہ اگر الیکشن دھاندلی زدہ ہیں تو پہلے پیپلز پارٹی سندھ حکومت سے استعفی دے ،یہ دوہرا معیار ہے کہ باقی ملک میں الیکشن پر اعتراض کرتے ہیں اور سندھ میں سب ٹھیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کو قیادت دے کر یہ اپنی فیس سیونگ کرنا چاہ رہے ہیں ۔مگر سیاسی حالات پہلے جیسے نہیں ہیں لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کو پریشانی ہو رہی ہے ۔لوگوں میں اب پیپلز پارٹی سے بیزاری ظاہر ہو رہی ہے ،لوگ آئے دن سندھ حکومت کے خلاف بڑی بڑی احتجاجی ریلیاں نکال رہیں ہیں ۔