لاہور 12 اکتوبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بورڈ آف ریوینیو کا دورا کیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے قانون گوئی سطح پر قائم 115 اراضی ریکارڈ سینٹرز، سٹیلائٹ اراضی ریکارڈ سینٹر اور 20 موبائل اراضی سینٹرز کا افتتاح کیا، وزیر اعلیٰ نے سٹیلائٹ اراضی ریکارڈ سینٹر کے ذریعے اراضی ریکارڈ کی خدمات کی فراہمی کے عمل کا مشاہدہ کیا اور بورڈ آف ریونیو پنجاب اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مابین ڈیٹا شیرنگ کے معاہدے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 100 تحصیلوں میں رجسٹری کے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے، رجسٹری کے بعد خودکار طریقہ کار کے ذریعے انتقال اراضی کے عمل کو صوبہ بھر میں توسیع دے رہے ہیں، 4 ممالک کے سفارت خانوں میں اوور سیز اراضی ریکارڈ سنٹر بنائے گئے ہیں، امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے صفارتخانوں میں اراضی ریکارڈ سے متعلقہ خدمات فراہم کی گئی ہیں، صاف و سرسبز اراضی ریکارڈ سینٹر مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس مہم کے تحت اراضی ریکارڈ سینٹر میں شجر کاری مہم کے تحت پودے لگائے جا رہے ہیں، عوام کو اب اراضی ریکارڈ تک بغیر سفارش و رشوت کے بلا تاخیر رسائی حاصل ہوئی ہے، ڈیجیٹل پنجاب کے خواب کو حقیقی روپ دیا ہے، پنجاب کی تاریخ میں اراضی ریکارڈ کی خدمات کی فراہمی کیلئے ایسے تاریخ ساز اقدامات کی مثال کوئی نہیں اور ماضی میں اراضی ریکارڈ سے متعلقہ امور کو ذاتی انا کی بھینٹ چڑھایا گیا ہم عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کو سینئر ممبر آف ریوینیو نے اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دی اور بورڈ آف ریونیو اور پنجاب لینڈ ریکارڈنگ اتھارٹی کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔











