وزیر کوآپریٹو پنجاب مہر محمد اسلم بھروانہ  کا چنیوٹ کا دورہ، آٹے اور چینی کے سٹاک اور قیمتوں کو چیک کیا

317

چنیوٹ ، 17 اکتوبر(اے پی پی ): صوبائی وزیر کوآپریٹو پنجاب مہر محمد اسلم بھروانہ نے حکومت  پنجاب کی  خصوصی ہدایت پر چنیوٹ کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر محمد ریاض کے ہمراہ مختلف سیل پوائنٹس اور دکانوں پر آٹے اور چینی کے سٹاک اور قیمتوں کو چیک کیا ۔ انہوں نے شاپنگ مال میں قائم کیے گئے ڈی سی کاونٹر پر اشیاء خردونوش کی قیمتوں اور دستیابی کو بھی چیک کیا ۔

 اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  انہوں نے  حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلع چنیوٹ کا دورہ کیا ہے  اورمختلف سیل پوائنٹس، دوکانوں اور گروسی سٹورز پر آٹا اور چینی وافر مقدار اور سرکاری قیمتوں پر موجود ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ چند عناصر کی جانب سے یہ پروپگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ آٹا اور چینی مارکیٹوں سے غائب ہیں اور مہنگے داموں پر فروخت ہو رہی ہیں ۔ یہاں پر آٹا اور چینی  رعائتی قیمت پر موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور  وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملک بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف گرینڈ اپریشن کی ہدایت کی ہے جس پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے ۔

 بعد ازاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں پرائس کنٹرول میکنزیم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد ریاض، ڈی پی او بلال ظفر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران عصمت پنوں، اسسٹنٹ کمشنرز عائشہ یٰسین، فضل عباس، ڈی او انڈسٹری دانس طاہر ، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی محمد یوسف و دیگر بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے  صوبائی وزیر کوآپریٹو پنجاب مہر محمد اسلم بھروانہ کو بریفنگ دی ۔ صوبائی وزیر کوآپریٹو پنجاب نے مارکیٹوں اور بازاروں میں آٹے اور چینی کی دستیابی اور مقررہ قیمتوں پر سو فیصد عملدرآمد کرانے کی تاکیدکی اورکہا کہ فلور ملز سے سپلائی ہونے والے آٹے کا ریکارڈ چیک کیا جائے اور ضلعی انتظامیہ اشیائے ضروریہ کے سرکاری طور پر مقررکردہ نرخوں پر سختی سے عملدرآمد کروائے  اس ضمن میں قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کے منفی رحجان کی حوصلہ شکنی کی جائے اور گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔