وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز سے امریکی ناظم الا مور مس انجیلا ایجلر کی ملاقات

317

اسلام آباد،15اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز سے امریکی ناظم الا مور انجیلا ایجلر نے جمعرات کو یہاں  ملاقات کی  ہے جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران  گفتگو  کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ  امریکی کمپنیوں کا پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں،پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے لئے مہم جاری رکھے ہوئے ہیں تا کہ وبا کے پھیلاؤسے بچا جاسکے، وزیراعظم عمران خان کاروزگار کے ساتھ ساتھ انسانی زندگی کے تحفظ کا وژن کوویڈ 19چیلنج پر قابو پانے میں معاون ثابت ہوا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کورونا وبا کے دوران جہاں باہمی روابط اور اطلاعات کی ترسیل کا طریقہ کار متاثر ہوا وہاں ڈیجیٹل کمیونیکشن کو فروغ حاصل ہوا۔

 شبلی فراز نے کہا کہ ڈیجٹیل اطلاعاتی نظام تعلیم کی فراہمی میں معاون ثابت ہوا اور اس کے ساتھ کاروباری سرگرمیاں اور روزمرہ امور کو جاری رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے لئے جرنلسٹ پروٹیکشن بل پر کام کررہی ہے،یہ بل میڈیا کی آزادی کو مزید فروغ دینے،صحافیوں کے تحفظ اور بہبود کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا میڈیا بدلتے وقت کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ ہو، ہم پاکستان میں متعارف  کرائے جانے والے بین الاقوامی میڈیا کا بھی خیرمقدم کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر  نے کہا کہ حکومت سیاحت کے شعبے کی ترقی کی خواہاں ہے کیونکہ اس سے نہ صرف ہماری ثقافت کو فروغ ملے گا بلکہ مختلف ممالک کی ثقافت اور رویات کو سمجھنے کا موقع  بی ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اور عوام ملک کو کرپشن کی لعنت سے نجات دلانے کے لئے پرعزم ہیں،ہماری خواہش ہے کہ پاکستان اقوام عالم میں ایک خوشحال ملک کی حیثیت سے جانا اور پہچانا جائے۔

اس موقع پر  انجیلا ایجلرنے پاک امریکہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے بارے میں وزیراطلاعات کے خیالات کا خیر مقدم کیا۔اس کے علاوہ امریکی ناظم الامور نے کوویڈ 19چیلنج سے موثر انداز میں نبردآزما ہونے پرپاکستان کی تعریف کی۔

دونوں شخصیات نے ڈیجٹیل لٹریسی کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں سیکرٹری اطلاعات اکبردرانی اور وزارت اطلاعات کے اعلی حکام شریک تھے۔