ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال شفافیت کو یقینی بناتا ہے، ای ٹرانسفر پالیسی کا انعقاد کرنے میں حکومت کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا:صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر مراد راس

91

لاہور, 02اکتوبر(اے پی پی):  صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے وزیر ہائیر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں کے ہمراہ محکموں کی دو سالہ کارکردگی کے حوالے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تمام تر منصوبے آن گراونڈ موجود ہیں، محض کاغذات میں نہیں ہیں۔ ای ٹرانسفر پالیسی کی بدولت آج اساتذہ گھر بیٹھے آن لائن ٹرانسفر اپلائی کرتے ہیں اور تبادلہ ہو جاتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ای ٹرانسفر پالیسی کا انعقاد کرنے میں حکومت کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا۔ انصاف آفٹرنون سکول پروگرام کی بدولت 22 ہزار سے زیادہ سکول سے باہر طلبا سکولوں میں واپس آئے۔انہوں نے مزید کہا کہ  انصاف پرائمری سکول پروگرام کے تحت 100 پرائمری سکول اگلے سال مارچ تک آپریشنل ہو جائیں گے۔ انصاف موبائل سکول پروگرام کے تحت مزدور طبقے کے بچوں کو موبائل سکولز کے ذریعے بنیادی تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے گا۔

  دسمبر 2020 تک پنجاب کے 11 اضلاع میں 110 ماڈل سکولز تیار کر دئیے جائیں گے۔ مراد راس نے کہا کہ اردو کو بطور میڈیم آف انسٹرکشن کے طور پر نافذ کرنے سے بچوں کو پڑھنے اور سمجھنے میں آسانی ہو گی۔  دانش سکولز کو ڈے بورڈرز کے لئے کھولا گیا اور اب بورڈنگ کے طلبا کے علاوہ بھی طلبا وہاں محض 2000 روپے فیس کے عوض داخلے لے سکتے ہیں۔

  انہوں نے کہا کہ طلبا کے لئے تشخیص کے عمل کو بہتر کرنے کے لئے پانچویں جماعت کے بورڈ کے امتخانات کو ختم کیا گیا ہے۔

  مراد راس نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبے کے تحت پنجاب بھر کے سکولوں میں 30 لاکھ سے زائد درخت لگائے گئے ہیں۔ کاویڈ 19 کی بدولت طلبا کے لئے تعلیم گھر کا انعقاد کیا گیا ہے۔   ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال شفافیت کو یقینی بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی جانب سے کرپشن کے فروغ کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال کو نظرانداز کیا گیا۔

 انہوں  نے مزید کہا کہ ہم سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تمام تر معاملات کو ٹیکنالوجی کی مدد سے آن لائن کرنے پر کام کر رہے ہیں۔   تمام پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن کے لیے آن لائن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔  اب تک 22 ہزار سے زائد نجی سکول قائم کردہ آن لائن رجسٹریشن سسٹم کے تحت اپنے سکول رجسٹر کروا چکے ہیں۔ مراد راس نے کہا کہ پنجاب بھر میں ایک روپیہ خرچ کئے بغیر 1227 سکولوں کو اپگریڈ کیا گیا ہے۔