لاہور02اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے جناح ہسپتال میں نئے رینل ٹرانسپلانٹیشن سنٹر اور لیبرروم کا افتتاح کردیا۔
صوبائی وزیر صحت نے ڈائیلسز سنٹراور لیبرروم میں داخل مریضوں کی عیادت بھی کی۔وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ جناح ہسپتال میں رینل ٹرانسپلانٹیشن سنٹرکے قیام پر فرینڈز آف جناح ہسپتال کے مشکورہیں۔صحت کے شعبہ میں عوام کو سہولیات فراہم کرنا وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجودعوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔حکومت میں آنے کے بعد ایک سوارب روپے کے قرض کا تحفہ ملا۔حکومت پنجاب کے ذمے 32ارب روپے تھے۔وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہم نے 9نئے سرکاری ہسپتال بنانے کا وعدہ کیاتھا۔چاربڑے ہسپتال زیر تعمیرہیں۔ملتان میں چار دہائیوں کے بعد نشتر2 تعمیرہورہاہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پانچ مدراینڈ چائلڈ ہسپتالو ں کا پی سی ون منظورہوچکاہے۔ہم نے لاہورکوکبھی بھی پنجاب نہیں سمجھا۔ہم عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کررہے ہیں۔
یاسمین راشد نے کہا کہ ہم پچھلی حکومت کے نامکمل منصوبے بھی مکمل کر رہے ہیں۔تاریخ میں پہلی بار 32ہزار پروفیشنلز کی100فیصد میرٹ پر بھرتی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 52لاکھ خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ ڈاکٹرز،نرسزاور پیرامیڈیکل سٹاف نے کورونا وائرس کے دوران مثالی فرائض سرانجام دئیے۔











