اسلام آباد،16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی ، ترقی اورخصوصی اقدامات اسد عمرکی زیرصدارت اسلام آباد میں ویڈیو لنک کے ذریعےپنجاب کے صحت سے متعلق ترقیاتی پروگراموں اور فنڈز کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر برائے صحت یاسمین راشد ، ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان ، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے شرکت کی ۔
اجلاس میں زچہ و بچہ ہسپتالوں کی تعمیر اور پنجاب میں پی ایس ڈی پی کے تحت جاری صحت کے دوسرے منصوبوں کے حوالے سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا گیا۔ یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب بھر میں زچہ و بچہ کے 6 ہسپتالوں کی تعمیر کے لئے پنجاب حکومت کی تیاری مکمل ہے۔ انہوں نے تجویز کیا کہ وفاقی حکومت کوویڈ۔19 رسپانس پروگرام کے تحت ان ہسپتالوں کی تعمیر کے لئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنائے۔یاسمین راشد نے وفاقی وزیر کو این آئی ایچ اسلام آباد کی طرز پر پنجاب میں بھی ایک انٹیگریٹڈ کمیونیکبل ڈیزیز سنٹر کے قیام کے منصوبے سے آگاہ کیا اور کہا کہ کورونا جیسے وبائی امراض کے پیش نظر اس قسم کا سنٹر وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وبائی امراض کی جلد نشاندہی ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ یہ سنٹر پنجاب بھر کی لیب سے منسلک ہوگا۔ اسد عمر نے صوبائی وزیر کو وفاق کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی، ساتھ ہی پی ایس ڈی پی کے تحت پنجاب میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز کی اپ گریڈیشن اور اس حوالے سے پی سی ون جلد از جلد بنانے کی بھی ہدایت کی











