پولیو مہم میں مطلوبہ اہداف کے حصول کیلئے مائیکروپلان پر عمل درآمد کو یقینی بنائی: ڈپٹی کمشنر محمد ریاض

93

چنیوٹ ،07 اکتوبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے کہا ہے کہ پولیو مہم میں مطلوبہ اہداف کے حصول کیلئے مائیکروپلان پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں ،ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے ،انسداد پولیو قومی مہم کی سو فیصدکوریج کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت ،لاپرواہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی، یہ بات انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے  کی جس میں انسداد پولیو مہم کے دوسرے دن کارکردگی و عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے مہم پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے پولیو ٹیموں کو ذمہ داریاں مزید احسن انداز میں نبھانے کی تاکید کی اور کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں سمیت دیگر اہم عوامی مقامات پر پولیو ٹیموں کی موجودگی یقینی اور بچوں کو قطرے پلانے کی اہم ذمہ داری میں غفلت نہ کی جائے ،انہوں نے عالمی ادارہ صحت کی نشاندہی پر محکمہ صحت کو فوری اقدامات اور مسائل حل کرنے کی تاکید کی ،ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مہم پر عملدرآمد کی چیکنگ کا سلسلہ روازنہ کی بنیاد پر جاری رہے گا اور کوتاہی پر متعلقہ ایریا انچارج ذمہ دار ہو گا ۔ اجلاس کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز ،سی او ہیلتھ، ڈی ایچ او، ڈپٹی ڈی اوز ہیلتھ اور سپیشل سپر وائزرز نے مہم پر عملدرآمد اور مانیٹر نگ کے بارے میں بریفنگ دی ۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز فضل عباس، اقراء مصطفی،عائشہ یٰسین،سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد خلیل، یو سی ایم اوز،ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر احمد حسن، ہیلتھ افسران، سپیشل سپروائزرز اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔