چیئرمین کشمیر کمیٹی کا  سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے شہیدطالبات کو خراج عقیدت پیش

80

کوئٹہ،14اکتوبر(اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی وکشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی نے سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے شہیدطالبات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دختران ملت نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے بلوچستان میں علم کے چراغ کو بجنے نہیں دیا۔ دشمنان پاکستان نہیں چاہتے کہ یہاں پر امن و امان ہو۔

شہریارآفریدی نے ایس بی کے اساتذہ اور طلباء کے والدین کو سلام پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اسی محنت اور لگن سے بلوچستان میں خواتین کو علم کی زیور سے آراستہ کرنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں جاری رکھےں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس بی کے، اسلامک یونیورسٹی اور سینٹر فار پیس کے تعاون سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو اس بات پر نشانہ بنایا جارہا ہے کہ وہ پاکستان کی حمایت کرتے ہیں اور اپنے شہدا ءکو پاکستانی پرچم میں سپردخاک کرتے ہیں۔ انہوں نے آسیہ اندرانی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک غیر مند خاتون ہے اور ان کا شوہر گزشتہ 28 سال سے سلاخوں کے پیچھے ہیں اور ان کو صرف پاکستان سے محبت کی سزا دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو جو عزت دی اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔

 شہر یار آفریدی نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قوموں پر آزمائش آتی ہے اور ہمیں ان آزمائشوں سے نبردآزما ہونے کے لئے اتحاد اور اتفاق سے اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

 تقریب سے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمعصوم یاسین زئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی یونیورسٹیاں عالمی سطح پر کسی بھی یونیورسٹی سے پیچھے نہیں اور طلباﺅ طالبات اس جدید دور کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے کمربستہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور اللہ تعالیٰ نے ہم پر مہربانی کی ہے اور اس میں بہترین تعلیمی ادارے ہیں جس سے طلباﺅ طالبات مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے طالبات کے والدین اور اساتذہ سے کہا کہ ہماری بقائہم آہنگی اور ایک دوسرے کی عزت میں ہے۔

 تقریب سے وائس چانسلر سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی ڈاکٹر ساجدہ نورین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

اے پی پی  / محمد بلال اعوان/حامد