ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ  کا  سموگ کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس، بھٹوں اور ٹرانسپورٹ کیخلاف سخت کریک ڈائون کا حکم

133

ٹوبہ ٹیک سنگھ ، 13 اکتوبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمر جاوید نے  سموگ کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس، بھٹوں اور ٹرانسپورٹ کیخلاف سخت کریک ڈائون کا حکم دیتے  ہوئے  محکمہ ماحولیات، زراعت، ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو خصوصی مہم چلانے کی ہدایت کی ہے  جبکہ فصلوں کی باقیات جلانے والے کاشتکاروں کیخلاف بھی دفعہ 144 کے تحت کارروائی کے احکامات  جاری   کیے  ہیں ۔

ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اینٹی سموگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے  کہا  کہ سموگ بارے عوام میں بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے،دھواں چھوڑنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کیا جائے  جبکہ پرانی ٹیکنالوجی کے بھٹہ خشت مالکان  کام 7 نومبر سے 31 دسمبر بند رکھیں۔

ڈپٹی کمشنر عمر جاوید  نے  سختی سے ہدایت کی  کہ ضلعی سطح پر تشکیل انٹی سموگ کمیٹی فعال ہو۔انہوں نے  کہا کہ انسداد سموگ کے لئے قبل از وقت ہنگامی بنیادوں پر کام کی ضرورت ہے ، ماحول کو انسان دوست بنانا ہم سب کی مشترکہ  ذمہ داری ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے  کہا کہ آلودگی کا باعث بننے والی انڈسٹریز کے مالکان کیخلاف ایف آئی آرز درج کرائی جائیں،پرانی بیٹریاں پگھلانے والے یونٹس فوری سیل کئے جائیں۔انہوں  نے کہا کہ دھان اور دیگر فصلوں کی باقیات کو آگ لگانا غیر قانونی عمل  ہے ۔