ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا عالمی بینک ۔ آئی ایم ایف سالانہ اجلاس میں اعلیٰ سطح کی ساؤتھ ایشین تقریب سے خطاب

79

اسلام آباد،13اکتوبر  (اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے  کہا  ہے  کہ احساس ایمرجنسی کیش کا غیر یقینی صورتحال کے دوران لاکھوں خاندانوں تک نقد مالی معاونت فراہم کرنا ایک اہم کارنامہ تھا ۔ کویڈ19 نے پاکستان میں تقریبا 160ملین افراد پر منفی اثرات مرتب کئے ۔ جس کے جواب میں حکومت پاکستان نے پریشانی میں مبتلا 15ملین خاندانوں کو کیش امداد فراہم کی۔

ان خیالات  کا  اظہار  انہوں نے   عالمی بینک گروپ ۔ آئی ایم ایف سالانہ اجلاس کے دوران تقریب بعنوان ; ‘Protecting South Asia’s Poor and Vulnerable Against COVID-19 and Beyond’; میں بطور پینلسٹ   پانے خطاب میں  کیا ۔

 احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی وسعت اور عزائم پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ سال 2019 میں احساس ایمرجنسی کیش کے تحت فراہمی کیلئے ڈیجیٹل نظام قائم کیا گیا، بالخصوص نیا بائیومیٹرک ادائیگی کا نظام اور ایس ایم ایس پر مبنی درخواست کا پلیٹ فارم ۔انہو ں نے  کہا کہ  ادائیگیوں کے دوران بہت سارے مسائل کا سامنا کرنا پڑا ۔ لاک ڈاون کے بعد احساس ایمرجنسی کیش پروگرام چلایا گیا جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ معطل ہوچکی تھی اور بیماری پھیلنے کا خطرہ بڑھ رہا تھا ۔ لاجسٹکس، رابطے، لیکویڈیٹی، سائبر اٹیکس، بائیومیٹرک ناکامیاں اور ڈیٹا سے متعلق دیگر اضافی مسائل کا سامنا بھی تھا ۔ حکومتی اپروچ نے کامیابی کیساتھ ان تمام چیلنجوں کا مقابلہ کیا ۔

 ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے  کہا کہ  کویڈ19بحران نے جنوبی ایشیا کو سخت متاثر کیا ، غربت بڑھی، عدم مساوات میں اضافہ ہوا ۔ جنوبی ایشیا کے پالیسی سازوں کیساتھ ساتھ پریکٹیشنرز، اسکالرز اور بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ یہ گفتگو بروقت اور ضروری تھی کیونکہ دنیا بھر کے ممالک معاشی بحالی کیلئے منصوبے تیار کررہے ہیں اور موجودہ اور مستقبل کے مسائل کیخلاف خاندانوں کو مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔

واضح  رہے  کہ  یہ ورچوئل تقریب سالانہ اجلاس کے مرکزی خیال میں براہ راست اہم کردار ادا کررہی تھی جس کا مقصد لچک پیدا کرنا ، شمولیت کو بہتر بنانا ، معاشی نمو کو فروغ دینا ، کاروبار اور ملازمتوں کو برقرار رکھنا تھا ۔ اعلیٰ  سطح کے پینل میں ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے علاوہ ، نیپال کے وزیر اعظم کے خصوصی اقتصادی مشیر، بی آر اے سی بنگلہ دیش کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، کارنیل یونیورسٹی کے پروفیسر اور انڈین منسٹر برائے ٹیکسٹائل اور خواتین اور بچوں کی ترقی کے وزیر بھی شامل تھے ۔ پالیسی سازوں ، پریکٹیشنرز، اسکالرز اور بین الاقوامی ماہرین کیساتھ گفتگو سے پینل نے جنوبی ایشیاء کے خطے میں امدادی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر مشترکہ تبادلہ خیال کیا کہ کس طرح سے تمام افراد تک رسائی ، انکی بحالی اور جامع طویل مدتی نمو کیلئے سماجی تحفظ کے پروگرام کو ڈیزائن کیا جاسکتا ہے ۔