بٹگرام؛ ڈپٹی کمشنر کا   مین   بازار میں  مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والوں  کیخلاف کریک ڈاؤن

80

بٹگرام ، 13 اکتوبر  (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عبدالحمید خان نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کے ہمراہ مین بازار بٹگرام میں مختلف دکانوں پرچھاپے مارے جہاں پر مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والے کباب فروش، دودھ فروش ، نانبائی ، سبزی فروش، فروٹ والے اور دیگر قانون کے شکنجے میں آگئے، متعدد گراں فروشوں پر بھاری جرمانے عائد کردئیے گئے جبکہ کئی دکانداروں اور کباب فروشوں کو حوالات میں بھیجنے کے احکامات صادر کئے ۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ ناجائز منافع خوروں اور مضر صحت خوردنی اشیاء فروخت کرنے والے عناصر کا جینا حرام کردیں گے ۔اب صرف جرمانہ نہیں بلکہ انہیں جیل کی ہوا بھی کھانی پڑے گی، کوئی بھی شخص قانون سے بالا تر نہیں جو بھی من مانی کرے گا انکے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 اس موقع پر مقامی عوام سے مطالبہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے  کہا کہ خریداری کرتے وقت سرکاری نرخ نامے کو ضرور چیک کریں ،جس دوکاندار نے سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کیا ہو انکی فوری اطلاع دیں، تاکہ ان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جاسکے ۔