کراچی۔10اکتوبر(اے پی پی): وفاقی وزیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باوجود مالی سال 2018-19 کے مقابلے میں مالی سال 2019-20 میں آئی ٹی ایکسپورٹس میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے ، آئی ٹی ایکسپورٹ 995 ملین امریکی ڈالرز سے بڑھ کر 1.23 بلین امریکی ڈالر ز ہوئی ہے جبکہ 2019 اگست کے مقابلے میں اگست 2020 میں آٹی ایکسپورٹ میں 36 فیصد اضافہ ہوا ہے ، اگست 2019 میں 178 ملین امریکی ڈالرز سے ایکسپورٹس بڑھ کر اگست 2020 میں 242 ملین ڈالرز کی ایکسپورٹس ہوئی ہے ، انٹی لیکچول پراپرٹی کو تحفظ دیں گے تو ملک ترقی کرے گا، اس حوالے سے ہماری وزارت ہر وقت اپ لوگوں کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیارہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں انٹی لیکچول پراپرٹی ایسوسی ایشن آف پاکستان اور برانڈز فاﺅنڈیشن کے زیراہتمام منعقدہ” انٹی لیکچول پراپرٹی ایکسلینس اوارڈ”کے تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے مختلف کیٹیگرز میں اوارڈز اور سرٹیفیکٹس بھی تقسیم کئیں ۔ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ انٹی لیکچول پراپرٹی کو تحفظ دیں گے تو ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ انٹی لیکچول پراپرٹی کے حوالے سے لوگوں میں آگاہی نہیں ہے اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سب سے پہلے تعلیمی اداروں میں جانے کی ضرورت ہے تاکہ طلبا میںاس حوالے سے شعور بیدار کیا جائے کہ انٹی لیکچول پراپرٹی کیا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انٹی لیکچول پراپرٹی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے پاس اگر تجاویز ہے تو ہم اپ کے تجاویز کو وزیراعظم تک پہنچائیں گے اور اس کو قانونی شکل دینے کی ضرورت ہوں تو وہ بھی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کاروبار کو آسان کرنا چاہتے ہیں ، حکومت اس حوالے سے اپ لوگوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے اور اس وژن کے تحت ہم کام کررہے ہیں اور اس کے لئے سب سے پہلے ہماری کوشش ہے کہ سب کو مواصلاتی سہولیات کی بلاتعطل رسائی دی جائے اور اس کے لئے کاوشیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیزوں کو بہتری کی طرف لے جانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی چیمبر آف کامرس بہت بڑا ادارہ ہے ، وفاقی وزیر کی حیثیت سے ہم کے سی سی آئی کے ساتھ تعاون کرنا چاہتے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن اور کے سی سی آئی اس حوالے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کریں اور ملکر اس ملک اور شہر کی ترقی کے لئے کام کریں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی پیکج کے تحت شہر میں جن ترقیاتی کاموں کا اعلان کیا گیا ہے ، ان ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لئے وقت کا تعین کیا گیا ہے اور یہ منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جو کام وفاقی حکومت نے کرنے ہیں اور جو کام صوبائی حکومت نے کرنے ہیں اس کا بھی تعین کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پیکج کے تحت جب یہ کام مکمل ہوجائیں گے تو کراچی پیکج پر جتنے پیسے خرچ ہوں گے یہ شہر اس سے کئی گناہ زیادہ کماکردے گا ۔ تقریب سے انٹی لیکچول پراپرٹی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین فرحان حنیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح زمینوں پر قبضہ ہوجاتے ہیں اسی طرح لوگوں کے تخلیق پر قبضہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروبارکے فروغ کے لئے ضروری ہے کہ انٹی لیکچول پراپرٹی کو تحفظ فراہم کیا جائے اور اس کے لئے موثرقوانین بنائیں جائیں اور اس پر عمل دارآمد کویقینی بنایا جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے برانڈز چوری ہوجاتے ہیں ان کو تحفظ دینا ضروری ہے ۔ برانڈز فاﺅنڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو شیخ رشید عالم نے کہا کہ ”جملہ حقوق محفوظ ہے ” یہ جملہ ہم نے سنا بھی بہت ہے اور پڑھا بھی بہت ہے لیکن یہ سمجھنے کی کوشش نہیں کی ہے کہ اس جملہ کی اہمیت و افادیت کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے اس جملہ کی اہمیت کو سمجھا ہے وہ آج ترقی یافتہ ہے اور جو ممالک اس کی اہمیت سے ناواقف ہیں ترقی سے دور ہیں ۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور انٹی لیکچول پراپرٹی کو تحفظ دینے پر زور دیا ۔











