گلگت بلتستان  میں  انتخابات کو پرامن،صاف،شفاف اور غیر جانبدار بنانے کےلئے تیاریوں  کو حتمی شکل دے دی  گئی ہے : وزیر اعلیٰ میر افضل خان

210

 

گلگت،02 اکتوبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل خان نے کہا ہے کہ 15 نومبر کو ہونے والے انتخابات کو پرامن،صاف،شفاف اور غیر جانبدار بنانے کےلئے تمام تر تیاریاں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور سیکورٹی اداروں کے تعاون سے ہم یہ کر کے دکھائیں گے۔

جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ سیکٹریٹ گلگت میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے اپیل ہے کہ انتخابات کے دوران کورونا وائرس سے بچاؤ اور تحفظ کے لئے وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لئے حکومت سے تعاون کریں۔

 انہوں نے کہا ہے کہ ان انتخابات کو آرمی کے بغیر منعقد کرنے جا رہے ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو آرمی کی تعیناتی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہماری سیکیورٹی کے دیگر ادارے اس قابل ہیں کہ اس دوران وہ سیکورٹی سنبھال سکیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر کوئی نگران وزیر کسی امیدوار یا سیاسی جماعت کی کمپین کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ وہ افواہوں پر ہر گز کان نہ دھریں اور بلا وجہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کیپٹن (ر) خرم آ غا نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان اس وقت پآکستان میں سب سے پرامن خطہ ہے اور یہاں پر فرقہ واریت کا کوئی مسلئہ نہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم ایک مظبوط اور مربوط سکیورٹی پلان کے ساتھ انتخابات کروانے جا رہے ہیں تاکہ ان پر بعد میں کوئی سیاسی جماعت انگلی نہ اٹھا سکے۔