گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان کی انصاف لائرز فورم کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات

99

پشاور،2 اکتوبر(اے پی پی): گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے وکلاء نہ صرف عدالتی نظام کا اہم حصہ ہیں بلکہ معاشرے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

 یہ بات انہوں نے گذشتہ روز انصاف لائرز فورم کے ایک نمائندہ وفد سے گورنر ہاؤس پشاورمیں ملاقات کے دوران کی۔ اس موقع پرآئی ایل ایف کے نمائندہ وفد نے گورنر خیبرپختونخوا کو موثر عدالتی نظام سمیت وکلاء کے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی اور درپیش مسائل سے متعلق تفصیلات اور تجاویز فراہم کیں۔

گورنرخیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ کوئی بھی معاشرہ قانون کی حکمرانی اور انصاف کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا اور وکلاء برادری پر زور دیا کہ وہ عام آدمی کو انصاف کی فوری فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ وکلاء کے مثبت کردار کے بغیر فوری انصاف کی فراہمی ناممکن ہے۔

وفد میں انصاف لائرز فورم کے صوبائی صدر سعداللہ خان مروت، مرکزی آرگنائزر شاہ فیصل الیاس، تاجدار فیصل خان، امجد نواز، محمد انعام یوسفزئی اور دیگر شامل تھے۔