لاہور،23 اکتوبر(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی طرف سے بلوچستان،فاٹا اور گلگت بلتستان کے طلبہ کیلئے سکالرشپ پیکج کا اعلان کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ جب یہ معاملہ ان کے نوٹس میں آیا تو انہوں نے تمام سرکاری پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو دوبارہ اس پر آمادہ کرلیا کہ طلبہ کو اسکالر شپ دی جائیں ، اس سلسلے میں اب یونیورسٹیزکی طرف سے جو سکالرشپ دی جائے گی وہ ہمیشہ کے لئے ہوگی جب کہ اس سے قبل وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے طلبہ کو سکالرشپ کے لیے ایک روپیہ بھی نہیں دیا گیا ، بلوچستان کے طالب علموں کو سکالرشپ دینے کے حوالے سے صوبائی حکومت سے بات کی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان، فاٹا اور گلگت بلتستان کے میرٹ پر پورا اترنے والے طالب علموں کو100 فیصد تک سکالرشپ دی جائے گی ،اس سال حکومت پنجاب نے 2کروڑ روپے 200طلبہ کی سکالر شپ ودیگر ہوسٹلز اخراجات کیلئے جاری کیے ہیں جبکہ اس سلسلے میں وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق تمام پبلک یونیورسٹیاں اپنے خرچے پر 50 فیصد سکالرشپ دیں گی جب کہ باقی 50 فیصد پنجاب اور بلوچستان حکومت کی طرف سے ادا کیے جائیں گی ، اس سلسلے میں پنجاب کی صوبائی حکومت ہرسال 2 کروڑ روپے کی گرانٹ مختص کرے گی ، ہر سال اس گرانٹ میں 2کروڑ کا اضافہ کرکے آئندہ چارسالوں میں گرانٹ 8کروڑ روپے تک بڑھادی جائے گی اور چار سال مکمل ہونے پر 800بچے اس گرانٹ سے استفادہ حاصل کرینگے جو کہ ہرصوبہ کیلئے پالیسی واضع کرنے کے بعد اوپن میرٹ پر دی جائے گی۔











