حکومت عوام  کا معیار زندگی بلند کرنے  کیلئے   تمام بنیادی سہولیات فراہم کر رہی ہے: صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی

0
40

 ملتان ،22 نومبر (اے پی پی ):صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی اصل طاقت عوام ہے اورحکومت پنجاب ان کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے تمام بنیادی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ  ہم عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے،ہم عوام کا پیسہ صرف ان پر ہی لگا رہے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پی پی 216 کی یونین کونسل 41 میں دو کروڑ روپے سے ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

محمد ندیم قریشی نے کہا کہ پہلی بار شفاف انداز میں اور کرپشن سے پاک ترقیاتی کام ہو رہے ہیں جس کا تمام کریڈٹ پاکستان تحریک انصاف کو جاتا ہے،سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر ہم عوام کو ریلیف دے رہے ہیں جب کہ سابق دور میں ایسا نہیں ہوتا تھا اور من پسند افراد کو نوازا جاتا تھا،ہم نے اس کلچر کو ختم کیا ہے اب بلا امتیاز عوامی خدمت کے کام  تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دائرہ بستی، محبوب کالونی، چاہ جالی والا، بھٹہ کالونی، حسن آباد میں گلیوں کی تعمیر ومرمت کےساتھ سیوریج کی نئی لائن کا کام بھی شروع ہے جس سے براہ راست شہریوں کو ریلیف ملے گا۔

اس موقع پر ملک عرفان کھوکھر، سکندر کھوکھر،شیخ ندیم،حاجی ندیم بھٹی،فاروق بھٹی،جمشید حسین سنڈھل،شیخ رمیض،اشتیاق بھٹی،عاطف بھٹہ،اسماعیل سندھیلہ اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔