آبادی میں بے تحاشہ اضافہ کو کنٹرول کر نے کے لیے میڈیاو علما ئے کرام کو فیملی پلاننگ با رے آگاہی فراہم کرنے کےلئے بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے ، صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا تقریب سے خطاب

236

لاہور۔16نومبر (اے پی پی ): صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کسی بھی میدان میں کامیابی اور مطلوبہ اہداف کے حصول کیلئے درکار تمام وسائل اور ضروریات سے مکمل آگاہی ہونا ضروری ہوتا ہے‘ آبادی میں اضافہ کو کنٹرول کرنے اور فیملی پلاننگ پر عملدرآمد کے حوالے سے عوام کو آگاہی فراہم کرنے کےلئے میڈیا کو اپنا بھرپور ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام گورنر ہاﺅس میں منعقدہ ایک تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ علمائے کرام کو زچگی ‘نوزائیدہ بچوں کو دودھ پلانے ‘ فیملی پلاننگ اور اس سے جڑے دیگر معاملات پر عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے اپنا کردار دا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ جس طرح میڈیا نے کورونا وبا سے بچاﺅ کےلئے آگاہی فراہم کی‘ اسی طرح آبادی میں اضافہ کو کنٹرول کرنے اور فیملی پلاننگ پر عملدرآمد کے حوالے سے عوام کو آگاہی فراہم کرنے میں بھی میڈیا کو اپنا بھرپور ادا کرنا ہو گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ آبادی میں اضافہ پر کنٹرول کرنے کے لئے ایک خاص معاملہ پر توجہ دینے کی بجائے تمام پہلوﺅں کو مدنظر رکھنا ہو گا۔اس موقع پر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کو محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور آبادی میں اضافہ کو کنٹرول کرنے کے لئے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور،وزیر اعلی سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیر برائے بہبودآبادی محمد ہاشم ڈوگر،صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد،وزیر اعظم کے معاون خصوصی فیصل سلطان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔