ملتان، 4نومبر( اےپی پی):اسسٹنٹ کمشنر صدر آبگینے خان نے گزشتہ روز یونائیٹڈ فلور مل میں سرکاری کوٹے کے آٹے میں ہیرا پھیری پر مل مالک اور انتطامیہ پر مجموعی طور پر1 لاکھ جرمانہ عائد کر دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نےفلور مل کے خلاف مزید کارروائی کے لئے رپورٹ ڈپٹی کمشنر کوارسال کر دی ۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر نے سرکاری کوٹے کا آٹا چیک کرنے کیلئے گزشتہ روز منگل کو شیر شاہ روڈ پر واقع یونائٹڈ فلور مل کا وزٹ کیا تھا،اس دوران فلور مل میں سرکاری کوٹے کے آٹے کے20 کلو کے 820 بیگ اور10 کلو کے650 بیگ موجود تھے،آبگینے خان نے دوبارہ اچانک فلور مل کا معائنہ کیا تو ریکارڈ میں 20 کلو کے400 بیگ اور10 کلو کے 597بیگ سیل پوائنٹ اور نوٹیفائیڈ کریانہ سٹور پر بھیجے گئے تھے۔مگر سرکاری کوٹے کے آٹے کے 473 بیگ غائب کر دیئے گئے تھے،جس پراسسٹنٹ کمشنر صدر نے واقعے کی مفصل رپورٹ ڈپٹی کمشنر کو بھجوا دی اور اب فلور مل کے خلاف دیگر کارروائی کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر عامرخٹک کریں گے۔