حضور نبی کریمؐ کا اسوہ حسنہ ہمارے لیے  بہترین  مشعلِ راہ ہے: ڈائریکٹر حج ملتان

290

ملتان، 03 نومبر )اے پی پی ):ڈائریکٹر حج ملتان ملک ریحان عباس کھوکھر نے کہا ہے کہ حضور نبی کریمؐ دونوں جہانوں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے ،آپؐ کی آمد سے جہالت کے اندھیرے ختم ہوئے اور ہر طرف نور کا اجالا ہوگیا ۔انہوں نے کہا کہ آپؐ وجہ تخلیقِ کائنات  اور اللہ کے محبوب ہیں ،آپؓ کا اسوہ حسنہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف حج ملتان، وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پاکستان و ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان کے زیراہتمام عید میلاد النبی ؐ کے سلسلہ میں حج  کمپلیکس قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان میں رحمت اللعالمینؐ کانفرنس  سے  خطاب میں  کیا ۔

اس موقع پر رحمت اللعالمینؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین   نے کہا کہ آپؐ کی تعلیمات سے دوری کے باعث امتِ مسلمہ مشکلات و پریشانیوں کا شکار ہے ،حضور نبی کریمؐ کی حیات مبارکہ زندگی گزارنے کا بہترین نمونہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنی دنیا و آخرت سنوار سکتے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ فرانس کی حرکت کسی بھی طرح سے مسلم امہ کے لیے ناقابل برداشت اور کھلی دہشت گردی ہے ،جس کی پوری دنیا کے مسلمانوں نے ہی نہیں بلکہ کئی غیر مسلموں نے بھی مذمت کی ہے، مسلمانوں کا بچہ بچہ تحفظِ ناموسِ رسالتؐ کے لیے اپنا تن من دھن قربان کرنے کو تیار ہے۔

  اس موقع پر معروف ثناء خوانان مصطفٰےؐ محمد عاصم گولڑوی، ملک عمران یوسف، حافظ عبدالرحمان، مظفر حسن شاہ، سجاد ملک،احسن علی جنجوعہ،محمود ڈوگر اور محمد شاہد عطاری نے ہدیہ نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کی، آخر مہمانان گرامی میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں اور پیر سید علی حسین شاہ اور سید سہیل گیلانی نے خصوصی دعا کروائی۔