اسلام آباد ، 25 نومبر (اے پی پی ): سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ ہمیں اقبال کے پیغام کو سمجھ کر اس پر عمل کرنا چاہیے تاکہ ہم مادر وطن کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال کے 143ویں یوم پیدائش کے موقع پر بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کے زیراہتمام دو روزہ بین الاقوامی اقبال کانفرنس “نوجوانوں کی تعلیم و تربیت میں اقبال کی قرآنی فکر کی اہمیت” سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے خطاب میں اقبال کے افکار سے استفادہ حاصل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور نوجوانوں کو پیغام اقبال پر عمل کرتے ہوئے عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اقبال کا شاہین بننے کی ضرورت پر زور دیا۔
کانفرنس کا بنیادی مقصد طلباء کو اقبال کے آفاقی پیغام سے روشناس کروانا اور علامہ اقبال کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ترکی اور ایران کے سفیروں نےبھی بطور مہمان اعزاز کانفرنس میں شرکت کی ۔
کانفرنس سے سینیٹر ولید اقبال اور بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے بھی خطاب کیا۔ اس کے علاوہ بحریہ یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کے ساتھ ساتھ ملکی و غیر ملکی اسکالرز نے بھی بذریعہ ویڈیو لنکس کانفرنس میں شرکت کی۔











