پشاور، 11نومبر(اے پی پی): آئی جی خیبر پختونخوا ثناءاللہ عباسی نے کہا ہے کہ مدرسہ دھماکے کے حوالے سے تحقیقات آگے بڑھ چکی ہیں بہت جلد کیس ٹریس ہوجائے گا۔ پہلے جتنے بھی واقعات ہوئے پولیس نے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ دھماکہ بہت بڑا واقعہ ہے۔ پہلے جو بیان دیا تھا اسکو غلط تناظر میں لیا گیا لیکن اس بیان کا ایک پورا کانٹکسٹ تھا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ٹریفک ایف ایم ریڈیو کے خطاب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا جسے خیبرپختونخوا ٹریفک پولیس نے پہلے ایف ایم ریڈیو کے طور پر متعارف کروایا ہے۔
ایف ایم ریڈیو کے افتتاح کے موقع پر آئی جی کے پی ثناء اللہ عباسی نے کہا کہ اس ریڈیو سے ٹریفک مسائل کا حل و آگاہی ملے گی اور شہر میں رش سے نمٹنے کے لیے عوام کو بروقت آگاہ کیا جاسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس ریڈیو کے ذریعے ٹریفک کے دیگر امور پر بھی عوام کو ایف ایم ریڈیو کے ذریعے آگاہ کیا جاسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ ٹریفک معاملات میں ٹیکنالوجی کا استعمال کریں تاکہ دوسرے اضلاع تک بھی اس منصوبے کو بڑھایا جا سکے۔











