مری اور گردو نواح میں برف  باری کا سلسلہ جاری ، پانچ انچ تک برف پڑ  چکی

258

مری،26 نومبر (اے پی پی ): مری اور گردو نواح میں بدھ کی شام سے  تیزبرف باری کا سلسلہ شروع  ہو  گیا ہے  جو رات گئے تک جاری رہا ،اس دوران پانچ انچ تک برف باری ہوئی جس سے مری کے درودیوار سفید ہو گئے، آج بھی موسم ابر آلود ہے اور صبح کے وقت مضافات کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔

 برف باری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا  ہے ، برف باری کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لئے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد مری پہنچ گئی ہے جس سے مال روڈ جی پی او چوک بھوربن اور نیو مری میں کی رونقیں لوٹ آئی ہیں ۔

 مری کی مختلف شاہراہوں پر برف باری کے دوران پھسلن کے باعث ٹریفک کا نظام متاثر  ہوا ،برف باری کے حسین نظاروں سے  سیاحوں کے چہرے کھل اٹھے اور برف باری کے دوران بچے اور خواتین سڑکوں کے کنارے اور جنگلات میں برف کے ساتھ کھیلتے رہے۔