سیالکوٹ،28نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار اور صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق کی زیر صدارت سیالکوٹ قلعہ میں عوامی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ عوام الناس کی کثیر تعداد میں عوامی نمائندوں کے سامنے مختلف محکموں کے متعلق شکایات کے ڈھیر لگا دیئے۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کھلی کچہری لگانے کا مقصد ہی سرکاری محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو افسران عوامی شکایات کے حل میں دلچسپی نہیں لیں گے اور فرائض میں غفلت کے مرتکب پائے گے تو ان کو ضلع میں نہیں رہنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری میں عوام کی جانب سے پیش کی جانے والی شکایات پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے اور عوام کے دکھوں اور مصیبتوں کے ازالہ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے سرکاری اداروں کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے پاک کردیا ہے اور سرکاری اداروں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پرفارم کریں تاکہ عوام کو اپنے مسائل کے حل کیلئے سیاسی ڈیروں پر نہ جانا پڑے۔ انہوں نے کہاکہ کھلی کچہری میں شریک ڈی پی او اسد حسن علوی کو تاکیدکی کہ وہ ہر کھلی کچہری میں شہر کے 6پولیس اسٹیشن میں تعینات انچارج صاحبان کو ہدایت کہ وہ ہفتہ واررپورٹ پیش کریں۔
کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میر محمد نواز، اے سی سیالکوٹ سلمان اکبر، سی او فیصل شہزاد سمیت تمام سرکاری محکموں کے مقامی حکام نے شرکت کی اور عوام شکایات کا جواب دیا۔











