پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انوسٹمنٹ پروگرام  جلد  شروع ہونے جارہا ہے  ؛ معاون خصوصی عثمان ڈار

166

 

سیالکوٹ،27نومبر(اے پی پی): معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا  ہے کہ سیالکوٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی منصوبہ پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انوسٹمنٹ پروگرام کی شکل میں شروع ہونے جارہا ہے، پورے شہر کی بوسیدہ واٹر سپلائی لائنز کی تبدیلی ، سیوریج لائنز ڈالنے ، روڈ انفراسٹریکچر سمیت پارکس کی تعمیر کیلئے 15ارب کے منصوبوں پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے ۔

ان خیالات کا  اظہار  انہوں نے  تحصیل کونسل کے کمیٹی روم میں پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انوسٹمنٹ پروگرام اور ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ لینے کیلئے  منعقدہ  اجلاس  کی  صدارت کرتے ہوئے  کیا۔ صوبائی وزیر چودھری اخلاق اور کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن گلزار حسین شاہ  بھی   ہمراہ تھے ۔

عثمان ڈار نے کہاکہ محکمہ سوئی گیس، پی ٹی سی ایل اور واپڈا کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ ماسٹر پلاننگ کے مطابق آئندہ 25سالہ ضروریات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے شہر کے پلاننگ کے مطابق اپنے محکموں کے ڈویلپمنٹ پروگرام بھی اسی پروگرام کے ساتھ مکمل کریں تاکہ قیمتی سرمایہ سے تعمیر ہونے والے انفراسٹریکچر کو دوبارہ توڑ پھوڑ نہ کرنے پڑے ۔

 انہوں نے کہاکہ شہر بھر میں واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی سے شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا ۔ انہوں نے کہاکہ یونین کونسل کی سطح پر مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دیں گے جو انتظامیہ کے ساتھ کر ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔

بریگیڈئر (ر) اسلم گھمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میر محمد نواز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ فاروق صادق، انفراسٹریکچر انجینئر پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انوسٹمنٹ پروگرام سیالکوٹ غلام مرتضی، سی او میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ فیصل شہزاد سمیت نیسپاک، محکمہ ہائی وے اور ایم اینڈ آر کے مقامی حکام بھی   اجلاس میں شریک ہوئے۔