ملتان؛انتظامیہ اور پولیس کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد اور امن وامان کی صورتحال یقینی بنانے کیلئے پرعزم

111

ملتان ، 28نومبر(اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ اور پولیس کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد کرانے کے لئے پرعزم ،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور سی پی او محمد حسن رضا خان کی زیر صدارت ہفتہ کو یہاں اجلاس  منعقد ہوا۔ جس دوران فیصلہ کیا گیا کہ 300 سے زائد افراد کے اجتماع کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کا کہنا تھا کہ  حکومت کو شہریوں کی زندگی سب سے زیادہ عزیز ہے،کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیش نظر کوئی رسک نہیں لیا جا سکتا۔کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے دستیاب وینٹی لیٹرز کے حوالے سے نشتر ہسپتال کی استعداد ختم ہوگئی ہے۔

ڈپٹی کمشنرنے سپیشل برانچ کی رپورٹ کی روشنی میں سیاسی قائدین کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت بھی جاری کی، انہوں  نے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کی اور   کہا کہ ضلع کے بنیادی مراکز صحت میں بھی ڈاکٹرز،سٹاف اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے،کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے بڑے پرائیوٹ ہسپتالوں کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔

عامر خٹک نے کہا کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تحصیل کی سطح پر اہم مقامات پر ہیلی پیڈ بنائے جائیں ۔انہوں نے ریسکیو1122 کو مکمل ایمرجنسی پلان بنانے  سمیت  ریسکیو1122 کو ایمبو لینسسز اورفائر بریگیڈ تیار رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا ریسکیو 1122 انفراسٹرکچراور ہیومن ریسورس کے حوالے سے قریبی اضلاع سے مدد حاصل کرے،بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور کسی بھی ہنگامی صوتحال سے نمٹنے کے لئے میپکو اور سوئی گیس ڈیپارٹمنٹ کو تیار رہنے کی ہدایت بھی جاری کیں  جبکہ ٹریفک پولیس شہر میں ٹریفک بحال رکھنے کے لئے منظم انتظامات کرے۔

 سی پی او  نے کہا کہ پولیس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر الرٹ ہے۔سیاسی اجتماع کی آڑ میں امن وامان میں خلل ڈالنے والے عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی،انہوں نے کہا کہ کسی کو شہریوں کی جان و مال اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔

اجلاس میں تمام اے ڈی سیز،اے سیز اور سی ٹی او کی شرکت کی پولیس،محکمہ صحت،میپکو اور سوئی گیس کے حکام کی بھی بھرپور شرکت کی۔