ملتان، 03 نومبر (اے پی پی ): چئیر پرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد کی خصوصی ہدایت پر بچوں سے بھیک منگوانے، جنسی و جسمانی استحصال کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیاہے۔
چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی جانب سے گھنٹہ گھر چوک میں پمفلٹس تقسیم کئے گئے اور بچوں کے حقوق و تحفظ بارے لوگوں کو آگاہی دی گئی ،آگاہی مہم میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس اور ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی وومن یونیورسٹی کی طالبات نے بھی حصہ لیا ۔
چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی جانب سے بچوں سے بھیک منگوانے کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی مہم ماہ نومبر میں جاری رہے گی، آگاہی مہم کے دوران شہر کے مصروف چوراہوں، مارکیٹس اور شاہراہوں پر واک کا انعقاد کیا جائے گا اور پمفلٹس تقسیم کئے جائیں گے، آگاہی مہم کا مقصد لوگوں میں بچوں کے حقوق تحفظ، بچوں سے بھیک منگوانے اور جنسی و جسمانی استحصال کی روک تھام کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔











