ملتان؛ ایڈیشنل آئی  جی   جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان کا   تھانہ بی زیڈ کا اچانک    دورہ

105

 

ملتان، 04 نومبر(اے پی پی ): ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان نے گزشتہ شب اچانک  تھانہ بی زیڈ کا  دورہ کیا اور تھانے میں ریکارڈ مرتب نہ ہونے ،حوالات میں بغیر مقدمہ قیدی کو بند کرنے اور صفائی کی ابتر صورتحال پر ایس ایچ او تھانہ بی زیڈ بشیر احمد ہراج کو لائن حاضر کردیا جبکہ ایس پی گل گشت  اور ڈی ایس پی کو موقع پر طلب کرکے معاملے کی انکوائری کا حکم بھی دے دیا۔

ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاپ کیپٹن ظفر اقبال نے حوالات کا معائنہ بھی کیا جہاں انہوں نے قیدیوں سے ملاقات کی ۔اس موقع پر حوالات میں ملزم کے بھائی کو غیر قانونی طور پر حوالات میں رکھنے پر ایس پی اور ڈی ایس پی گلگشت موقع پر طلب کر لیا اور ملزم کی جگہ قید کئے جانے والے  اسکے بھائی کو رہا کرنے کے احکامات جاری کئے بعد میں ایڈیشنل آئی جی نے تھانے کا دورہ کیا اور گندگی کے ڈھیر ہونے پر ملازمین کی سرزنش کی ۔

اے آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن ظفر اقبال نے کہا کہ تھانہ کلچر میں تبدیلی کا وژن لے کر آیا ہوں اس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا،فرائض میں غفلت برتنے والے پولیس ملازمین کسی رعایت کے مستحق نہیں   ہیں ۔ایڈیشنل آئی جی نے اس موقع پر فرنٹ ڈیسک پر رجسٹرڈ شکایات پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا اور  شہریوں سے ملاقات کی اور مسائل دریافت کئے۔

کیپٹن ر ظفر اقبال نے کہا کہ تھانوں کو مثالی بنانے کیلئے جنوبی پنجاب کے اچانک دورے کرونگا۔تھانے خوف  کے بجائے عوام کیلئے تحفظ کی علامت بناکر ہی پولیس امیج بہتر کیا جاسکتا ہے۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال نے تھانے کے مختلف  شعبوں کا معائنہ کیا اور ایس پی گل گشت کو  انتظامات بہتر کرنے کی ہدایت کی۔