لاہور،4 نومبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پولیس انویسٹی گیشن کے معیار کواپ گریڈ کرکے پنجاب پولیس کی استعداد کار کو بڑھانا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبے میں قانون کی حکمرانی اور شہریوں کو جرائم سے محفوظ رکھنے کیلئے عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دیا جائے۔
ان خیالات ا ظہار وزیر اعلی پنجاب نے پولیس انوسٹی گیشن کمپیلکس سنٹرل ہیڈ کوارٹر کی نئی عمارت کےافتتاح کے موقع پر کیا ۔انہوں نے خواتین کے تحفظ کیلئے بنائی گئی ویمن سیفٹی ایپلیکیشن ، ڈی ایچ اے میں ڈرائیونگ لائسنس سینٹر اور گلشن راوی پولیس سٹیشن کی نئی عمارت کا بھی آن لائن افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے شجرکاری مہم کے تحت کمپلیکس کے لان میں پودا بھی لگایا ۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پولیس افسران کو عوام میں احساس تحفظ کے فروغ اور انکے مسائل کے حل کیلئے جذبہ حب الوطنی سے کام کرناہو گا۔ تھانہ کلچرکی تبدیلی اور عوامی سہولت کیلئے محکمہ پولیس کو جدید وسائل وسہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے پنجاب پولیس کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال قابل ستائش ہے۔ ویمن سیفٹی ایپ خواتین اور بچیوں کو جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان، انسپکٹر جنرل پولیس انعام غنی اور اعلی پولیس حکام بھی موجود تھے۔











