کوئٹہ۔یکم نومبر ( اے پی پی ):قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ سول آفیسران وطن عزیز کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان تمام اداروں اور محکموں کی کارکردگی میں اضافے اور آفیسران کی استعداد کار بڑھانے کے لئے اصلاحات لا رہے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو نےشنل انسٹی ٹیوٹ کی منیجمنٹ کوئٹہ میں 30 ویں ایم سی ایس کورس کے شرکاءکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔قاسم خان سوری نے کہا کہ سرکاری آفیسران کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بغیر کسی دباؤ اور سفارش کے عوام کی خدمت کو اپنا اولین فریضہ سمجھتے ہوئے سائلین کے مسائل کے حل کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں ۔انہوں نے کہا کہ سول آفیسران پاکستان کا اثاثہ ہیں، جن کی وطن عزیز کے لئے خدمات سے انکار ممکن نہیں ہے اور وزیراعظم عمران خان سرکاری محکموں کے آفیسران کی استعداد کار میں اضافہ اور اداروں میں میرٹ کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ جس کے ثمرات سے یقینا عوام الناس مستفید ہوں گے۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے مختلف محکموں کے کورس مکمل کرنے والے آفیسران میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے اور بعد ازاں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ (نم) کوئٹہ میں نئے تعمیر شدہ گیسٹ ہاؤس کا افتتاح بھی کیا اور ڈائریکٹر جنرل نم کوئٹہ ڈاکٹر سعد ایس خان اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔